ممبئی، 8 جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ممبئی ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کرکے مرکزی حکومت کے اس آرڈیننس کو چیلنج کیا گیا ہے جس میں ریزرو بینک آف انڈیا کی شاخوں میں 500 اور 1000 روپے کے چلن سے باہر ہوئے نوٹوں کو جمع کرانے کی کچھ ہی لوگوں کو اجازت دی گئی ہے۔کانگریس لیڈر سچن ساونت کی طرف سے دائر پٹیشن میں حکومت کی طرف سے گزشتہ سال 30دسمبر کو حکومت کی طرف سے جاری آرڈیننس منسوخ کرنے کا مطالبہ اس بنیاد پر کیاگیا کہ یہ لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔پٹیشن میں کہا گیا کہ یہ آرڈیننس ہندوستانی شہریوں کے صرف خاص طبقے کو ممنوعہ نوٹ تبدیل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔اس میں وہ لوگ شامل ہیں جو نوٹ بندی لاگو ہونے پر آٹھ نومبر سے 30دسمبر تک ملک سے باہر تھے اور بینکوں میں پرانے نوٹوں کے بدلے نئے نوٹ نہیں لے پائے۔وکیل عاصم سرود کے ذریعے دائر مفاد عامہ عرضی پر فیصلہ عمل کے مطابق سماعت ہونے کا امکان ہے۔